بیجنگ: سربیا کے نوواک جوکووچ چائنا اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے جب سیمی فائنل کے دوسرے سیٹ کے آخری مرحلے میں روس کے ڈینیل میدویدیف کو ایک گیند تماشائی کو لگنے کے واقعے کے بعد نااہل قرار دے دیا گیا۔ اس وقت جوکووچ 7-5، 5-3 سے آگے تھے اور میچ کے لیے سروس کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایک پوائنٹ کے بعد گیند پچھلی دیوار سے واپس آئی تو میدویدیف نے اسے بیک ہینڈ سے اسٹینڈز کی طرف مارا۔ گیند ایک تماشائی کو لگی، جس کے بعد چیئر امپائر نے کھیل روک دیا اور روسی کھلاڑی کو ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔ متاثرہ تماشائی کو اپنی نشست سے باہر لے جایا گیا۔
میدویدیف نے بعد میں واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ گیند کا تماشائی کو لگنا مکمل طور پر حادثاتی تھا اور ان کا کسی کو نشانہ بنانے کا ارادہ نہیں تھا۔ انہوں نے متاثرہ شخص سے ذاتی طور پر معافی مانگنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ جوکووچ نے بھی کہا کہ انہیں یقین ہے میدویدیف نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا۔
39 سالہ جوکووچ نے میچ میں 16 بریک پوائنٹس بچائے اور سخت جسمانی مقابلے کے بعد دوسرے سیٹ میں برتری حاصل کی تھی۔ انہوں نے بعد میں کہا کہ اگر نااہلی نہ بھی ہوتی تو میچ آسانی سے ختم ہونا یقینی نہیں تھا۔ جوکووچ خود 2020 کے یو ایس اوپن میں حادثاتی طور پر لائن جج کو گیند لگنے پر نااہل ہو چکے ہیں اور انہوں نے اس تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔
فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینور سے ہوگا۔ ڈی مینور سیمی فائنل میں پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکاش کے انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہونے کے بعد فائنل میں پہنچے۔
