اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اصلاحاتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ٹی ڈی اے پی کے موجودہ ڈھانچے، ادارہ جاتی مسائل اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر تجارتی فروغ کے اداروں کے ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔

سرکاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی صنعتی مصنوعات کے لیے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی برآمدات بڑھانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقامی صنعتوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر سہولت کاری کی جائے۔ زرعی مصنوعات کی برآمد کے لیے بھی مکمل ویلیو چین پر مشتمل ایک مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اجلاس میں پیش کیے گئے اصلاحاتی پیکیج میں ٹی ڈی اے پی کے مینڈیٹ کو بنیادی افعال تک منظم کرنے، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو، علاقائی نیٹ ورک کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال اور کارکردگی جانچنے کے قابل پیمائش اشاریے متعارف کرانے کی تجاویز شامل تھیں۔ وزیراعظم نے ادارے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی شفاف اور میرٹ پر بھرتی اور پیشہ ورانہ ترقی کو اہداف اور کارکردگی سے منسلک کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے ٹی ڈی اے پی کے مالی اور کارکردگی آڈٹ کے لیے ایک معتبر نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ حکام نے اصلاحات کے نفاذ کے لیے منظوری، ڈیزائن، عمل درآمد اور آزادانہ جائزے پر مشتمل 12 ماہ کا مرحلہ وار روڈ میپ بھی پیش کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحات مکمل کرکے آئندہ سال کے وسط تک ان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن اور پیداواری صلاحیت برآمدات بڑھانے کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہے، تاہم ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تجارتی فروغ کے ادارے کو جدید خدمات، بہتر مارکیٹ رسائی اور برآمد کنندگان کی استعداد بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔ اجلاس میں متعدد وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔