اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات نے 12 سے 17 ستمبر تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ، مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ ایک مغربی لہر اختتام ہفتہ کے دوران بالائی علاقوں میں داخل ہونے اور 14 ستمبر کو مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، پنجاب کے متعدد اضلاع، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں 12 ستمبر کی شام سے 17 ستمبر تک بارش کے امکانات بتائے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت کئی اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین، کراچی اور گردونواح میں بارش کے امکانات ہیں۔ کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات سمیت بعض علاقوں میں ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکان کے پیش نظر سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسانوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے دوران درجہ حرارت میں کمی آنے کی توقع ہے۔




