اسلام آباد: موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑی رکھنے والے شہریوں کے لیے متعارف کرائی گئی پیٹرول سبسڈی اسکیم کے حکومتی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 31 ہزار صارفین سبسڈی حاصل نہیں کر سکے، جبکہ نظام میں ٹوکن کی مدت ختم ہونے، فیول اسٹیشن پر انکار، تکنیکی خرابی اور رجسٹریشن کے مسائل سامنے آئے ہیں۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں متعلقہ وزارتوں اور صوبائی انتظامیہ کو خامیوں کی نشاندہی اور اصلاح کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 10,344 ٹوکن اپنی مدت پوری ہونے کے باعث استعمال نہیں ہو سکے۔ وزارت آئی ٹی نے تقریباً 31 ہزار ایسے شہریوں کو سروے پیغام بھیجا جن کے ٹوکن ایکسپائر ہوئے تھے۔ ان میں سے قریب 11 ہزار نے بتایا کہ انہیں ٹوکن استعمال کرنے کے لیے وقت نہیں مل سکا، جبکہ دیگر صارفین نے فیول اسٹیشن سے انکار یا تکنیکی خرابی جیسے مسائل کی نشاندہی کی۔

حکام نے فیصلہ کیا کہ تقریباً 13 ہزار ایسے شہریوں سے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا جنہوں نے سروس سے انکار یا تکنیکی مسئلے کی شکایت کی تھی، تاکہ انہیں دوبارہ اسٹیشن جانے اور بکنگ کی کوشش کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔ 9771 ہیلپ لائن پر تقریباً تین ہزار کالیں موصول ہوئیں، جن میں سے لگ بھگ 400 مسائل ابتدائی سطح پر حل کیے گئے۔ رجسٹریشن، صوبے کے عدم مطابقت، نامکمل اندراج اور ایک سے زیادہ رجسٹریشن کی کوششوں سے متعلق شکایات بھی ریکارڈ کی گئیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں تقریباً آٹھ ہزار اسٹیشنز پر چار ملین ریڈیمپشن ہوئے، جس کا اوسط تقریباً 500 فی اسٹیشن بنتا ہے۔ اس کے مقابلے میں 50 سے کم ریڈیمپشن والے اسٹیشنز کو آڈٹ کے لیے نشان زد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ایسے اسٹیشنز کا جائزہ لینے، زیادہ رش والے مقامات پر اضافی آلات فراہم کرنے اور سروس سے انکار کی صورت میں شکایت درج کرانے کی تشہیر کرنے کو کہا گیا ہے۔

حکام نے یہ غلط فہمی بھی نوٹ کی کہ سبسڈی کے لیے موٹرسائیکل لازماً درخواست گزار کے نام پر رجسٹرڈ ہونی چاہیے۔ فیلڈ دوروں میں شہریوں اور بعض اسٹیشن عملے میں یہ تاثر پایا گیا، جسے سرکاری پیغام رسانی کے ذریعے درست کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کے شناختی اور ایکسائز دستاویزات کی بنیاد پر رجسٹریشن میں سہولت دینے کے لیے بھی مقامی انتظامیہ کو فہرستیں مرتب کرنے کا کہا گیا ہے۔

اسکیم کی کارکردگی کا اگلا مرحلہ اس بات سے جانچا جائے گا کہ ایکسپائر ٹوکن، تکنیکی خرابیوں اور اسٹیشن سطح کی رکاوٹوں کو کتنی تیزی سے دور کیا جاتا ہے۔ حکومت کے لیے اہم چیلنج یہ ہے کہ سبسڈی کے لیے مختص مالی فائدہ اہل شہری تک عملی طور پر پہنچے اور ڈیجیٹل نظام یا فیول اسٹیشن کی سطح پر پیدا ہونے والی رکاوٹیں مستحق صارفین کو محروم نہ کریں۔