ریاض: پاکستان، سعودی عرب اور ترکی پر مشتمل مکہ جوائنٹ الائنس فار ڈیفنس (ایم جے ڈی اے) نے پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ 5 اکتوبر کو ریاض میں اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جس میں سعودی عرب کو درپیش حالیہ سلامتی کے خطرات اور مشترکہ دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نعمان محمود کی تقرری تین سال کے لیے کی گئی ہے۔ اجلاس میں شریک تینوں ممالک نے ان کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نئی سیکریٹریٹ قیادت اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو فعال بنانے، سیاسی و عسکری رابطہ کاری بہتر کرنے اور طے شدہ دفاعی اہداف پر عملدرآمد میں کردار ادا کرے گی۔

کمیٹی نے سیاسی اور فوجی سطح پر ہونے والی مشاورت کی سفارشات کی منظوری بھی دی۔ اجلاس کے بعد جاری تفصیلات میں کہا گیا کہ رکن ممالک اجتماعی دفاع کے وعدوں کو عملی شکل دینے، پہلے سے طے شدہ فوجی وسائل اور صلاحیتوں کی فراہمی یقینی بنانے اور ضرورت کی صورت میں سعودی عرب میں تیز رفتار تعیناتی کے انتظامات آگے بڑھائیں گے۔ یہ اقدامات ہر ملک کے قومی قوانین اور منظور شدہ انتظامی طریقہ کار کے تحت کیے جائیں گے۔

اتحاد کے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی باہم مربوط ہے اور کسی ایک ملک کے خلاف خطرہ مشترکہ سلامتی کے تناظر میں دیکھا جائے گا۔ اجلاس میں سعودی عرب کے شہروں، شہری و اقتصادی تنصیبات اور مکہ و مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت بھی کی گئی۔ پاکستان اور ترکی نے سعودی مسلح افواج کی دفاعی تیاری اور حالیہ حملوں کے مقابلے میں ردعمل کو سراہا۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر شامل تھے۔ اجلاس نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پس منظر میں ایم جے ڈی اے کے مشترکہ دفاعی ڈھانچے کو زیادہ فعال بنانے کا عندیہ دیا، تاہم عملی تعیناتی کی تفصیلات، افرادی قوت کی تعداد اور ممکنہ مدت سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں لائی گئیں۔