اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات نے 12 سے 17 ستمبر کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے بعض علاقوں میں شہری سیلاب، ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ ایک مغربی لہر ہفتے کے اختتام پر بالائی حصوں میں داخل ہونے اور 14 ستمبر کو مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر کشمیر میں 12 سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں بھی اسی عرصے کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ 12 ستمبر کی شام سے شروع ہو کر وقفوں کے ساتھ 17 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، بنوں، ڈی آئی خان، وزیرستان اور متعدد دوسرے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بعض مقامات پر تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم 13 سے 16 ستمبر کے درمیان سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی سمیت بعض علاقوں میں بارش اور گرج چمک ہو سکتی ہے۔ کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے امکانات بتائے گئے ہیں۔ بلوچستان کے بیشتر حصوں میں بھی گرم اور مرطوب موسم متوقع ہے، البتہ ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل کے اطراف بارش ہو سکتی ہے۔
پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب پیدا ہو سکتا ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات سمیت مختلف پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں کے بہاؤ میں اچانک اضافہ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے اور کسانوں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق بارش کے دوران درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔




