جنوبی وزیرستان: اپر اور لوئر جنوبی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات اور سکیورٹی فورسز کے لیے لاجسٹک سامان کی محفوظ نقل و حرکت کے پیش نظر مختلف علاقوں میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کی ہیں۔ دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے جن میں شہریوں کی غیرضروری نقل و حرکت محدود کرنے، بعض اہم شاہراہوں پر آمدورفت روکنے اور مخصوص بازار و تجارتی مراکز بند رکھنے کی ہدایات شامل ہیں۔

لوئر جنوبی وزیرستان میں وانا بازار، وانا بائی پاس اور متعدد ملحقہ علاقوں میں پابندیاں عائد کی گئیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وانا، تیارزہ گیٹ، کراب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک اور درگئی پل سے گزرنے والے بعض راستوں پر نقل و حرکت محدود کی گئی، جبکہ گل کچھ سے توئی خولہ اور تنائی کو ملانے والے راستوں پر بھی داخلہ ممنوع قرار دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ ہنگامی حالات میں سفر پولیس یا سکیورٹی فورسز کی پیشگی اجازت سے ممکن ہوگا۔ شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔ موٹر سواروں کو سکیورٹی فورسز دیکھنے پر اپنی گاڑی کم از کم 50 میٹر کے فاصلے پر روکنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اپر جنوبی وزیرستان میں سرویکئی اور سراروغہ تحصیلوں سمیت متعدد ملحقہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی۔ انتظامیہ نے لَدھا، مکین، سراروغہ اور نذر خیل کی طرف جانے والے کئی راستوں کے ساتھ درگئی پل، مادی جان، شین ورسک، جنڈولہ، سرویکئی، مولے خان سرائے، بروند، آسمان منزہ اور توروام کے راستوں پر بھی پابندیوں کا اعلان کیا۔ متاثرہ علاقوں میں بازار اور تجارتی مراکز بند رکھنے کا حکم دیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں پولیو ورکرز اور ویکسینیشن ٹیموں کے لیے شناخت کی تصدیق کے بعد نقل و حرکت کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قابل اطلاق قانون کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔ دفعہ 144 انتظامیہ کو مخصوص حالات میں عوامی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر عارضی پابندیاں لگانے کا اختیار دیتی ہے۔ موجودہ احکامات کو مقامی سکیورٹی انتظامات اور فورسز کی رسد کی نقل و حرکت سے جوڑا گیا ہے۔