اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جائیداد کی ملکیت سے متعلق ایک مقدمے میں قرار دیا ہے کہ کسی رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کو محض اس وجہ سے کالعدم یا غیر مؤثر نہیں کہا جا سکتا کہ اس پر خریدار کے دستخط یا انگوٹھے کے نشانات موجود نہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ رجسٹرڈ دستاویز کے قانونی طور پر درست ہونے کا ابتدائی مفروضہ موجود رہتا ہے اور اسے چیلنج کرنے والے فریق پر لازم ہے کہ وہ اپنے دعوے کو قابل اعتماد شواہد سے ثابت کرے۔
جسٹس شاہد وحید کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ فراڈ کا عمومی یا مبہم الزام کافی نہیں۔ جو فریق کسی دستاویز کو دھوکا دہی کی بنیاد پر چیلنج کرتا ہے اسے یہ بتانا ہوگا کہ مبینہ فراڈ کس نے کیا، کب کیا اور کس طریقے سے کیا۔ عدالت کے مطابق صرف فراڈ کا لفظ استعمال کردینے سے ثبوت کا بوجھ خودکار طور پر دوسرے فریق پر منتقل نہیں ہوجاتا۔
دو رکنی بینچ، جس میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس شاہد وحید شامل تھے، نے 64 کنال اور ایک مرلہ زرعی زمین کی ملکیت سے متعلق دو اپیلیں منظور کیں۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ اور اپیلیٹ عدالت کے فیصلے کالعدم کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا وہ فیصلہ بحال کردیا جس میں دعویٰ مسترد کیا گیا تھا۔
مقدمے کے ریکارڈ کے مطابق نسرین زہرا نے 10 مئی 1976 کی ایک رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وراثتی زمین کی منتقلی فراڈ کے ذریعے کی گئی۔ انہوں نے متعلقہ انتقال اور ریونیو ریکارڈ کو بھی چیلنج کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے دسمبر 2005 میں مقدمہ تاخیر اور فراڈ کے ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر مسترد کردیا تھا، تاہم اپیلیٹ عدالت نے اگست 2006 میں دعویٰ منظور کیا اور لاہور ہائیکورٹ نے جون 2015 میں اس فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔
سپریم کورٹ نے پردہ نشین خاتون کے قانونی تحفظ سے متعلق اصول پر بھی وضاحت کی۔ عدالت نے کہا کہ کسی خاتون کا پردہ نشین ہونا بذات خود اس دستاویز کو غیر مؤثر نہیں بناتا جس پر اس کے دستخط یا انگوٹھے کا نشان موجود ہو۔ اصل سوال یہ ہے کہ آیا متعلقہ خاتون نے دستاویز کی نوعیت اور نتائج کو سمجھا اور آزادانہ رضامندی دی یا نہیں۔
فیصلے میں سیل ایگریمنٹ اور رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کے درمیان قانونی فرق بھی واضح کیا گیا۔ عدالت کے مطابق معاہدۂ فروخت مستقبل میں لین دین مکمل کرنے کے وعدے سے متعلق ہوتا ہے، جبکہ رجسٹرڈ سیل ڈیڈ ملکیت منتقل کرتی ہے، اس لیے دونوں پر قانونی نظائر کو بلاامتیاز لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ یہ فیصلہ جائیداد کے مقدمات میں رجسٹرڈ دستاویزات، فراڈ کے دعووں اور ثبوت کے بوجھ سے متعلق اہم قانونی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

