اسلام آباد میں مالی وسائل تک رسائی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سرکاری ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کے نظام کو زیادہ مؤثر بنایا جائے اور چھوٹے کاروباروں کو بینکاری سہولتوں تک عملی رسائی دی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ای پورٹل نومبر 2026 کے اختتام تک فعال کیا جائے۔ سرکاری بریفنگ کے مطابق اس پورٹل کے ذریعے بینکوں کی جانب سے قرضوں اور لیٹرز آف کریڈٹ سمیت کاروباری سہولتوں کی فراہمی کی حقیقی وقت میں نگرانی ممکن بنانا مقصود ہے۔ انہوں نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو کاروباری اداروں کی استعداد، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پیداواری صلاحیت اور عالمی ویلیو چینز سے انضمام کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت 71 ہزار 690 قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جن کی مجموعی مالیت 426 ارب روپے ہے، جبکہ 13 ہزار 214 افراد کو 76 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔ رواں سال ایک لاکھ 25 ہزار ہاؤسنگ یونٹس کیلئے 700 ارب روپے کے قرضوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے صوبوں کو پنجاب کی طرز پر زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ رہائشی قرضوں کی جانچ اور منظوری کا عمل آسان اور شفاف ہو سکے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زرعی قرضوں کا حجم 1,352 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور 34 لاکھ 55 ہزار افراد اس سے مستفید ہوئے ہیں۔ جون 2027 تک زرعی قرضوں کو 1,500 ارب روپے اور مستفید افراد کی تعداد 45 لاکھ تک لے جانے کا ہدف ہے۔ اسی طرح 3 لاکھ 50 ہزار ایس ایم ای کاروباروں کو 1,137 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ جون 2027 تک یہ حجم 1,500 ارب روپے اور قرض لینے والے کاروباروں کی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار تک بڑھانے کا ہدف بتایا گیا۔
اجلاس میں نیشنل بینک آف پاکستان اور فرسٹ ویمن بینک کی قرضہ فراہمی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے نیشنل بینک کی ہاؤسنگ فنانس میں 76 فیصد منظوری کی شرح کو سراہا اور بینک کی انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مشترکہ رسک شیئرنگ، سپلائی چین فنانسنگ، تصدیق شدہ ڈیٹا شیئرنگ اور چھوٹے قرض لینے والوں کیلئے ڈیجیٹل نظام کے فروغ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

